ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سندھیا تھیٹر بھگدڑ معاملہ: اَلو ارجن کو عارضی ضمانت ملی

سندھیا تھیٹر بھگدڑ معاملہ: اَلو ارجن کو عارضی ضمانت ملی

Sat, 14 Dec 2024 12:34:26  SO Admin   S.O. News Service

حیدرآباد، 14/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جنوبی ہند کے سپر اسٹار اَلو ارجن آج پولیس نے سندھیا تھیٹر بھگدڑ کے معاملے میں گرفتار کیا تھا، لیکن اب انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی ہے۔ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ ہوئی تھی، جس دوران اَلو ارجن بھی وہاں موجود تھے۔ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے آج ان سے پوچھ تاچھ کی تھی اور بعد میں انہیں ذیلی عدالت نے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ تاہم، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں عبوری ضمانت دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ ہائی کورٹ نے اَلو ارجن کو راحت دیتے ہوئے عبوری ضمانت پر رِہا کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بھگدڑ معاملے میں ذیلی عدالت نے الو ارجن کو 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس خبر سے اَلو ارجن کے چاہنے والوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی تھی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہیش ٹیگ ’وی اسٹینڈ وِتھ الو ارجن‘ (ہم الو ارجن کے ساتھ کھڑے ہیں) ٹرینڈ بھی کرنے لگا۔ بہرحال، اب ہائی کورٹ نے انھیں عبوری ضمانت دے دی ہے، جس سے ان کے چاہنے والوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے۔

واضح رہے کہ 4 دسمبر کو فلم ’پشپا 2‘ کی اسکرینگ کے دوران سندھیا تھیٹر میں مچی بھگدڑ کے دوران نہ صرف ایک خاتون کی موت ہوئی تھی، بلکہ 4 دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد شکایت درج کی گئی تھی اور اسی ضمن میں جمعہ کی صبح الو ارجن کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد ہی فوری قدم اٹھاتے ہوئے اَلو ارجن نے ہائی کورٹ میں ضمانت عرضی داخل کر فوری سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی اس عرضی پر سماعت ہوئی اور عبوری ضمانت بھی مل گئی۔


Share: